ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارشوں کا سلسلہ جاری،مزیدبارش کی پیشگوئی

آزاد کشمیر،پنجاب اورخیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشیں جاری ہیں جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ تیز ہوا اور بارش کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا رہا۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مطابق، آندھی اور بارش کے باعث ریجن کے 29 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس سے صارفین کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر سیاحتی مقام مری میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث پہاڑوں پر سفیدی چھا گئی اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی اور مضافاتی علاقوں میں بھی تیز آندھی کے ساتھ شدید بارش ہوئی، جبکہ کھوئی رٹہ اور گردونواح میں ژالہ باری کے بعد موسم نہایت خوشگوار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ میں جنگی صورتحال کے بعد زندگی بحال ، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن اور شمالی پنجاب کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، جن میں پشاور، مردان، چارسدہ، سوات، دیر اور مانسہرہ شامل ہیں، وہاں بھی بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کی توقع ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ان پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش یا تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے درجہ حرارت میں وقتی کمی آسکتی ہے۔

Scroll to Top