اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاک بھارت کے درمیان اصل اور اہم مسئلہ کشمیر ہے اور کشمیر پر مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی ساتھ بٹھایا جائے۔
پاک بھارت کے مابین سیز فائر پر اپنے بیان میں صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروانے پر ہم امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا خصوصی شکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی زور دیا ہے، لہذاکشمیر پر مذاکرات سہہ فریقی ہونے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔
صدرآزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام ہندوستان کے ظالمانہ و جابرانہ قبضہ سے آزادی چاہتے ہیں لیکن بھارت طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک کو دبانا چاہتا ہے۔
عالمی دنیا بالخصوص امریکہ کو مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور بھارت کے مکروہ چہرے کو بھانپتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کی راہ ہموار کرنا ہو گی تب ہی اس خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پاک افواج نے ملک کی زمینی سرحدوں اور پاک فضائیہ نے فضائی سرحدوں کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ۔
پاک فوج نے دنیا کے سامنے پاک فوج نے پیشہ وارانہ فوج ہونے کا لوہا منوایا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے اور آج ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہو کر یوم تشکر کے طور پر اس دن کو یاد رکھنا چاہیے
صدر آزادکشمیر نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کشمیری عوام کو بھی مذاکرات کی میزپر بٹھایا جائے کیونکہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ برطانیہ اور دیگر بااثر ممالک بھارت کو جارحانہ اقدامات سے روکیں،بیرسٹر سلطان