اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کو تاریخی اور سبق آموز شکست دے کر پاکستان نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو توڑا ہے بلکہ ملک میں ہمت اور اتحاد کی ایک نئی مثال بھی قائم کی ہے۔
اس عظیم فتح کا جشن منانے کے لیے ہزاروں پاکستانی شہری اتوار کو واہگہ بارڈر پر پہنچے جہاں اللہ اکبر ، پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے بلند و بالا نعروں سے فضا گونج اٹھی۔
واہگہ کی سرحد پر جمع ہونے والے شرکاء میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی جنہوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھا تھا اور وطن کی محبت میں سرشارتھے ۔
اگرچہ پاکستانی اسٹیڈیم ابھی زیر تعمیر ہے اور عوام کی شرکت محدود ہے، لیکن اس کے باوجود لوگوں کا ایک سمندر واہگہ کی سرحد پر آیا۔
گویا پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے،پریڈ کے اختتام پر شہریوں نے پاکستان رینجرز پنجاب کے ہیروز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں ہار پہنا ئےاور بار بار نعرے لگائے ہمیں تم پر فخر ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔مشعال ملک اور سکھ برادری کا واہگہ بارڈر پر پاکستان سے اظہارِ یکجہتی ،بھارت کو پیغام بھی دیدیا
بزرگ خواتین نے ان کی قربانیوں اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نوجوانوں کے ماتھے چومے۔
ایک نوجوان شہری حمزہ نے کہا کہ پاکستانی فوج نے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کو بتایا ہے کہ ہم مسلمان اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پریڈ کمانڈر ناصر نے کہا کہ جب سے ہندوستان کے ساتھ کشیدگی شروع ہوئی ہے ہم یہاں ہر وقت تیار کھڑے ہیں۔
ہم نے پہلے کہا تھا کہ ہم مسلمان اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے، 2019 میں ہم نے اسی سرحد پر ہندوستانی کمانڈر ابھینندن کو حوالے کیا تھا۔
آج دشمن کو ایک بار پھر ہماری طاقت کا احساس ہو گیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگ رات کو کھانا لاتے تھے اور آج بھی یہ لوگ ہم پر پھول نہیں بلکہ اپنے دل نچھاور کررہے ہیں۔
ادھر بھارت کی سائیڈ پر مکمل طور پر خاموشی چھائی رہی ،دشمن کا اسٹیڈیم خالی رہا، خاموشی سے ترنگہ اتارا گیا ،یہ منظر گواہ تھا کہ بھارتی فوج اور قیادت خوفزدہ ہے۔