نیلم( کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون کو شکست دینے پر ضلعی انتظامیہ، صحافیوں اور نیلم کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
بھارت کی شکست سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہو گیا ہے،ہماری افواج نے دانشمندی سے دشمن پر ہیبت طاری کی ہے۔جہاں آپریشن بنیان مرصوص اور ہمارے شاہینوں کی کامیابی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے وہیں پر بھارت کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی فلم بھی فلاپ ہوئی ہے۔
جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، ان خیالات کااظہار وزیر اطلاعات آزاد حکومت مولاناپیر محمد مظہر سعید شاہ نے ڈپٹی کمشنر کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے،بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پوری قوم کا جذبہ جہاد دیدنی تھا اور ملک وملت کی سلامتی کیلئے پاک فوج کے پیچھے قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہی۔
صحافیوں نےذمہ دارانہ رویے کے ساتھ فتح میں اپنا حصہ ڈالا جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صحافی مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارت کے مظالم کو پوری دنیا پر اجاگر کریں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مساجد، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جبکہ پاک فوج نے ان کی دفاعی تنصیبات پر کاری ضرب لگائی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔آپریشن بنیان مرصوص، پاکستان نے بھارت کو کن کن محاذوں پر ناکوں چنے چبوائے؟
ہمارے شاہینوں نے معصوم شہیدوں کا بدلہ لیا ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے،پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
کشمیر یوں کو اگر ان کا حق خود ارادیت نہ دیا گیا تو پوری دنیا کے امن کو خطرہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی بدقسمتی ہے کہ ان کا وزیراعظم اپنے ہی عوام کو قتل کر رہا ہے۔
دنیا پر ثابت ہو گیا ہے کہ پاک فوج ہماری محافظ جبکہ انڈین فوج مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم ڈھا رہی ہے ،پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے کشمیریوں کے مکان شک کی بنیاد پر بارود سے اڑا د ئیے۔
اللہ کا شکر ہے کہ ہم آزمائش سے سرخرو ہو کر نکلے جنگ کے دوران نقصان بھی ہوتا ہے جس کو پوری قوم نے بخوشی قبول کیا ہے۔بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں 31 افراد شہید، 125 افراد زخمی اور 235 مکانات متاثر ہوئے ہیں ۔
اس دوران حکومت نے عوام کی حفاظت کیلئے دو گائوں سے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا، نیلم میں رتہ پانی سے 253 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ نیلم میں 2 افراد شہید، 6 افراد زخمی اور 13 مکانات مکمل، 83 جزوی طور پر متاثر، 24 دکانیں جزوی طور پر متاثر ہوئی۔