rally

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، پاکستان وآزاد کشمیر بھر میں اظہار تشکر ریلیاں ، پاک فوج زندہ باد کے نعرے

اسلام آباد ، مظفر آباد، ہٹیاں بالا، نیلم ، چناری ، لمنیاں ، باغ ، راولا کوٹ ( کشمیر ڈیجیٹل )آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں یوم تشکر منایا جارہا ہے،بھارت سے فتح کا جشن منانے کے لیے لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پاکستانی فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔

کراچی سے کشمیر تک پاک فوج زندہ باد کے نعروں کی گونج ،اس موقع پر پاکستانی افواج اور قوم کی ہمت کو خراج تحسین پیش کیا گیا،پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔

عوام نے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا،اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کندھ کوٹ، کشمور، فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، رینالہ خور، چنیوٹ، وہاڑی اور قصور اور دیگر علاقوں میں اظہار تشکر ریلیاں نکالی گئیں ۔

سوات، مہمند، نوشہرہ اور دیگر صوبوں اور شہروں میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شاندار کامیابی پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

ادھر مظفرآباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے کشمیر بنے کا پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت سمیت چناری ، ہٹیاں بالا ، نیلم باغ،راولا کوٹ، حویلی کہوٹہ اور دیگر علاقوں میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندارکامیابی پر یوم تشکر منایا گیا مساجد میں نوافل ادا کئے گئے ۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔پاک فضائیہ کا بڑا وار: انڈین ملٹری سیٹیلائٹ جام، سائبر حملے میں مہاراشٹر کی بجلی بند

لوگوں نے شاندار کامیابی پر ریلیاں نکالیں اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ،چناری میں سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار تشکر کے لیے نکالی گئی

ریلی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، مقامی عمائدین، سیاسی کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کی حفاظت اور خدمت کی ہے، جس پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔

لمنیاں میں وزیر تعلیم آزاد کشمیر دیوان علی خان چغتائی کی قیادت میں اظہار تشکر ریلی نکالی گئی اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی ،واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کل بھارتی جارحیت کے خلاف پرعزم ردعمل اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر آج ملک بھر میں تشکر کا دن منانے کا اعلان کیا تھا۔

Scroll to Top