مظفرآباد :آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک شاندار ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اس خصوصی ریلی میں شریک افراد نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے اور وطن سے اپنی وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔
ریلی کے دوران شہر “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونجتا رہا۔ خواتین اور مرد حضرات کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی اور مظاہرین نے بھارت کو خبردار کیا کہ پاک فوج دشمن کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش، پاک بھارت جنگ بندی کا خیرمقدم
مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم اپنی بہادر افواج کی کامیابی پر خوش ہے اور ان کی شکر گزار ہے جنہوں نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی پاک فوج پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
شرکاء نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بھارت سے دو ٹوک اور واضح موقف اختیار کرے تاکہ یہ دیرینہ مسئلہ جلد حل ہو سکے۔




