OPRATIN BUNYAN AL MARSOS

آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی ،آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کا مناسب جواب دینے اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، پاکستانی مسلح افواج کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کی ہمت اور اتحاد کی تعریف کرنے کے لیے منایا جائے گا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے دشمن کی جارحیت کا موثر اور جامع جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی برتری ثابت کی۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔آپریشن بنیان المرصوص،پاکستان کے ڈرون بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے

ہم اس کامیابی پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں فتح بخشی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر اور تحمل سے اپنے دفاع کو یقینی بنایا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم بالخصوص علماء کو آج ملک بھر میں نوافل کا اہتمام کرنا چاہیے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور شہداء کے لیے خصوصی دعائیں کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی مسلح افواج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Scroll to Top