بھارت بزدلانہ حملے اور پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب کے بعد بوکھلا گیاہے اور عرب دنیا سے کشیدگی کم کرانے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے عرب دنیا کے حکمرانوں سے رابطہ کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ عرب حکمران خصوصاً اماراتی حکام کشیدگی کم کرائیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے عرب دنیا سے پاکستان پر اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی ہے۔
پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر یو اے ای کا ردعمل
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پر متحدہ عرب امارات کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کشیدگی سے گریز کریں،کشیدگی سے علاقائی و عالمی امن کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ نے کہاکہ بات چیت اور افہام و تفہیم پر زور دینا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کرکے معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کیا، بھارت کے بزدلانہ حملوں میں 8 پاکستانی شہید،35 زخمی ہوئے جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔
بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا جب کہ پاکستانی حملے میں تباہ ہونے والے بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔




