بھارت کا پاکستان پر حملہ، مظفر آباد، کوٹلی، مریدکے اور بہاولپور میں میزائل داغے گئے

اسلام آباد: بھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا، مظفر آباد، کوٹلی، مریدکے اور بہاولپور میں میزائل داغے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے اپنی فضائی حدود سے حملہ کیا ہے۔پاک فوج نے بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلگام واقعہ کی آڑمیں دشمن بھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا،ایک ساتھ مظفر آباد، کوٹلی،بہاولپوراور مریدکے میں میزائل داغے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مظفر آبا دکے علاقے شوائی پر میزائل داغے گئے ہیں جبکہ کوٹلی میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل دشمن نے وای لیپہ سسیکٹر پر فائرنگ کی تھی،مظفر آباد اورکوٹلی میں بجلی بند کردی گئی ہے جبکہ پاک فضائیہ کے طیارے بھی دشمن کو جواب دینے کیلئے میدان میں آچکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائل حملے میں نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ، اب پاکستان کے جواب کا انتظار کیا جائے، پاکستا ن وقت کا تعین کرکے بھرپور جواب دے گا۔

ذرائع کے مطابق کنٹرول لائن پر طیارے حرکت میں آگئے ہیں اور چکوٹھی سیکٹر پر بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔

پاکستان کی طرف سے ایئرسپیس بند کردی گئی ہے اور تمام پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، مظفر آباد میں طیاروں کی گن گرج کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔