مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری گھی و آئل کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف ڈسٹری بیوٹرز پر چھاپے مارے اور بھاری جرمانے عائد کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں انچارچ فوڈ اتھارٹی مظفرآباد قاضی شفیق الرحمان کی قیادت میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں مزید یہ کہ تمام متعلقہ ڈسٹری بیوٹرز کو پہلے ہی تنبیہی نوٹسز جاری کیے گئے تھے کہ غیر رجسٹرڈ آئل و گھی کی فروخت فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ہدایت کی گئی تھی کہ تین روز کے اندر فروخت ہونے والے تمام آئل و گھی کی رجسٹریشن اور لیبارٹری تجزیہ کروا کر یہ ثابت کیا جائے کہ مصنوعات فوڈ سیفٹی اور کوالٹی معیار پر پوری اترتی ہیں۔
نوٹسز کے باوجود عدم عملدرآمد پر ڈسٹری بیوٹرز کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹیم فوڈ اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ آئل و گھی ضبط کر لیا اور بھاری جرمانے عائد کیے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف، شفاف اور معیاری خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں بھارت کی جنگی دھمکیوں کے خلاف شدید احتجاج
انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور بلا امتیاز کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1280 پر دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔