ہم فرنٹ لائن پر ہیں، پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،وادی لیپہ کے سرحدی گاؤں میں عوام کا جوش

وادی لیپہ :حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں لائن آف کنٹرول پر واقع وادی لیپہ کے سرحدی دیہات میں جہاں ایک طرف جنگ ہونے کی بازگشت ہے، وہیں مقامی آبادی کا حوصلہ اور جذبہ غیر متزلزل دکھائی دیتا ہے۔ سرحد کے قریب واقع ان علاقوں میں نہ صرف معمولات زندگی برقرار ہیں بلکہ شہری مکمل تیاری کے ساتھ ملک کی سلامتی اور دفاع میں پیش پیش ہیں۔

ان دیہات میں مکینوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ ہو رہی ہے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے نقل مکانی نہیں کی اور نہ ہی علاقہ چھوڑنے کا ان کا ارادہ ہے۔ ایک مقامی شہری کا کہنا تھا کہ یہاں فائرنگ کی جا رہی ہے، مگر نہ ہم میں سے کوئی بھاگا ہے اور نہ بھاگنے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج ہماری حفاظت کرتی ہے اور جب بھی ضرورت پڑی، انہوں نے ہمیں ریسکیو کیا۔ ہم ان کے ساتھ فرنٹ لائن پر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی تکمیل ہے اور جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہوتا، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انھوں نے مزیدکہا کہ ہم چاہتے ہیں مودی یہ غلطی کرے تاکہ ہم پچھلے تمام حساب چکا سکیں۔ ہمارے جذبے بلند ہیں اور ہماری تیاری مکمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، شدید گرمی کے بعد موسم خوشگوار ہونے کا امکان

ان سرحدی علاقوں میں زندگی معمول کے مطابق جاری ہے، بازار کھلے ہیں، تعلیمی ادارے فعال ہیں اور لوگ اپنے روزمرہ کے کام انجام دے رہے ہیں۔ یہ علاقہ جغرافیائی لحاظ سے نہایت حساس ہے کیونکہ وادی لیپہ کا کچھ حصہ آزاد کشمیر جبکہ کچھ حصہ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ وہ دشمن کے کسی بھی حملے سے خوفزدہ نہیں اور ہر صورت میں وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ پاک فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ،ماضی میں بھی ہر جارحیت کا سامنا کیا گیا اور آئندہ بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

Scroll to Top