اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان (PMD) نے اتوار، 20 اپریل 2025 کے لیے اپنی تازہ ترین موسمی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان علاقوں کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے، جو معمولاتِ زندگی میں خلل ڈال سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کے قریب جانے سے گریز کریں، کیونکہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔
اسلام آباد میں بھی آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش، گرج چمک اور ژالہ باری یا موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، خصوصاً جنوبی حصوں میں شدید گرمی کا زور دیکھنے میں آیا۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر بالائی اور وسطی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بھی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاحتی سیزن سے پہلے ہی مایوسی ، حکومت کی عدم توجہی سے مقامی کاروبار خطرے میں
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار، 20 اپریل کو شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں شمال مغربی ہوائیں چل رہی ہیں جو بلوچستان کے گرم صحرا سے آ رہی ہیں، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ PMD نے شہریوں کو خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو سورج کی براہ راست روشنی سے بچنے اور زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی ہے۔ ہیٹ ویو کی یہ صورتحال 24 اپریل تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔
پیر، 21 اپریل 2025 کی پیشگوئی:محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جو موسم کو کچھ حد تک خوشگوار بنا سکتی ہے۔
مزید تفصیلات اور اپڈیٹس کے لیے محکمہ موسمیات کی آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
www.pmd.gov.pk