اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، تاہم پیٹرولیم لیوی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں 30 اپریل 2025 تک برقرار رہیں گی۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 254 روپے 63 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے پر برقرار رہے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اپریل سے ہو چکا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول پر لیوی میں 8 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے اسے 70 روپے سے بڑھا کر 78 روپے 72 پیسے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 7 روپے 1 پیسے بڑھا کر 70 روپے سے 77 روپے 1 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ یہ اضافہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نافذ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع، ژالہ باری اور آندھی کی پیشگوئی
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف پہلے ہی عندیہ دے چکے تھے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود آئندہ پندرہ روز تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے وعدہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں اور پالیسی اقدامات کے ذریعے عوام کو بالواسطہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔