لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں 79 رنز کی واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کپتان سعود شکیل نے میچ میں ٹیم کی غلطیوں کا اعتراف کیا ہے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے اس مقابلے میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز اسکور کیے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں صرف 140 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
لاہور کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 67 رنز کی اننگ کھیلی، جس میں انہوں نے 3 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ لاہور کے خلاف میچ میں کئی غلطیاں ہوئیں، ہم ٹیم کا انتخاب بہتر انداز میں نہیں کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی جیسے بولر کے خلاف کھیلنا چیلنج ہوتا ہے، وہ جانتے ہیں کہ کب اور کیسے وکٹ حاصل کرنی ہےاور بدقسمتی سے ہم نے ابتدا میں اہم وکٹیں گنوا دیں جس کی وجہ سے بڑا ہدف حاصل کرنا ممکن نہ رہا۔
سعود شکیل نے لاہور قلندرز کے بلے بازوں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ فخر زمان، مچل اور بلنگز نے بہت عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جس کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے۔
کپتان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ میچز سے قبل اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹیم اچھا پرفارم کر سکے۔