مظفرآباد میں پام سنڈے کی تقریب، مسلم قیادت کی بھرپورشرکت

مظفرآباد:آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مسیحی برادری نے اپنا عالمی مذہبی تہوار ’’پام سنڈے‘‘ (Palm Sunday) عقیدت و احترام سے منایا۔ اس موقع پر مقامی چرچ میں خصوصی عبادت اور عید کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مسیحی خاندانوں، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں مظفرآباد کی مسلم قیادت نے بھی بھرپور شرکت کی۔ چرچ میں جا کر انہوں نے نہ صرف مسیحی برادری کو عید کی مبارکباد دی بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی، محبت اور بھائی چارے کا عملی پیغام بھی دیا۔

تقریب میں میئر میونسپل کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی، سابق چیئرمین ترقیاتی ادارہ و چیئرمین مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن زاہد امین ایڈووکیٹ، سیکرٹری الاٹمنٹ ترقیاتی ادارہ محمد سلیم اعوان، صدر ڈی ایف اے مہتاب میر، کونسلر عمیر کیانی، چیئر ورکرز یونین آزادکشمیر ایلڈر ریاست مسیح، سونیا ریاست، ریاض مسیح سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

مسیحی برادری کے رہنماؤں نے مسلم مہمانوں کی آمد کو باعثِ فخر قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ مظفرآباد میں تمام مذاہب کے افراد کو یکساں مذہبی آزادی حاصل ہے اور یہاں کا معاشرہ بھائی چارے اور احترام کی فضا میں جڑا ہوا ہے۔

اس موقع پر سابق چیئرمین ترقیاتی ادارہ زاہد امین، میئر بلدیہ سید سکندر نثار گیلانی و دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو آزادکشمیر میں مکمل آزادی حاصل ہے اور وہ اپنے مذہبی اعتقاد کے مطابق عبادت کرنے اور سوسائٹی میں مثبت کردار ادا کرنے کے حوالے سے تمام دیگر شہریوں کی طرح حقوق رکھتے ہیں۔

خطاب میں کہا گیاکہ مظفرآباد کے سینٹری ورکرز کے مسائل حل کریں گے۔ سینٹری ورکرز نمازِ فجر سے پہلے اٹھ کر پورا شہر صاف کرتے ہیں، آپ ہمارا فخر ہیں۔ زاہد امین نے کہا کہ آپ کے مسائل حل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور ریاست کو اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ مسیحی برادری کو عبادت گاہ کے لیے جگہ کی فراہمی احسن اقدام ہے۔

ایلڈر ریاست مسیح نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسیحی برادری کو چرچ کے لیے اراضی کی فراہمی پر ہم حکومت آزادکشمیر، بالخصوص پاک فوج کے اسٹیشن کمانڈر، سابق چیئرمین ترقیاتی ادارہ زاہد امین، کمشنر وقت مسعودالرحمان، ڈپٹی کمشنر وقت راجہ طاہر ممتاز، آفیسر مال وقت عبدالحمید کیانی، ایس ایچ او وقت سردار بشیر، تحصیلدار وقت سید صابر نقوی سمیت دیگر سیاسی قیادت و آفیسران کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی خصوصی دلچسپی سے مسیحیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا اور انہیں مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی عبادت گاہ بنانے کا موقع ملا ہے۔

انہوں مزید کہا کہ ہم سب ایک ہی ریاست کے باسی ہیں اور ہمیں اپنی خوشیوں اور تہواروں میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔ بین المذاہب ہم آہنگی ہی ترقی اور امن کا راستہ ہے۔

تقریب کے آخر میں شرکاء نے ملک میں مذہبی رواداری، امن اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

Scroll to Top