طلحہ شبیر آزادکشمیر پولیس کے حوالے، تراڑکھل میں شٹرڈاؤن اور احتجاج کے بعد پیشرفت

تراڑکھل، سدھنوتی : تراڑکھل کے رہائشی حافظ طلحہ شبیر کو آزادکشمیر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دو روز قبل ان کی راولپنڈی کے علاقے کھنہ پل سے گمشدگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر مقامی تاجروں اور شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج اور مکمل شٹرڈاؤن کیا گیا۔

حافظ طلحہ شبیر کے مبینہ اغواء کے خلاف تراڑکھل میں کاروباری مراکز بند رکھے گئے جبکہ شہر بھر میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی مشرقی چوک تراڑکھل میں جلسہ عام کی صورت اختیار کرگئی۔ مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور حکومت سے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔

جلسے سے انجمن تاجران پونچھ ڈویژن کے صدر سردار شبیر خان، قاری نصیر احمد، صدر انجمن تاجران ڈنہ مرشد آباد سردار ذوالفقار، صدر انجمن تاجران ٹنگی گلہ سردار اعظم خان، صدر ٹرانسپورٹ یونین سردار حفیظ، ڈسٹرکٹ کونسلر خورشید ضیاء، کونسلر تراڑکھل فاضلین صدیقی، سردار انیس گوگا، سردار امان اللہ خان، چوہدری شکیل ایڈووکیٹ، سردار نعیم (صدر انجمن تاجران ہجیرہ)، سردار عظیم (سابق معاون خصوصی)، سردار امجد ایڈووکیٹ اور انوار سدوزئی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا بڑا فیصلہ: اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز اور دیگر الیکٹرانکس پر ٹیرف سے چھوٹ

مقررین نے حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ طلحہ شبیر کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ مظاہرین نے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بازیابی نہ ہوئی تو ریاست گیر احتجاج، شٹرڈاؤن، پہیہ جام اور اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حافظ طلحہ شبیر کی گمشدگی کی اطلاع آنے کے بعد نہ صرف تراڑکھل بلکہ ڈڈیال، راولاکوٹ، سدھنوتی سمیت آزادکشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہروں کا آغاز ہو گیا تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، طلحہ شبیر کو بازیاب کرا کے آزادکشمیر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top