ٹرمپ کا بڑا فیصلہ: اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز اور دیگر الیکٹرانکس پر ٹیرف سے چھوٹ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز اور دیگر اہم الیکٹرانک مصنوعات کی درآمدات کو جوابی محصولات (ٹیرف) سے استثنیٰ دے دیا ہے، جس کا مقصد ملک کے اندر ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دینا اور غیر ملکی انحصار کم کرنا ہے۔

بین الاقوامی میڈیاکے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس اقدام کے ذریعے امریکا میں حساس ٹیکنالوجی کے شعبے کو خود کفیل بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ امریکا اپنی اہم ٹیکنالوجی مصنوعات، جیسے کہ سیمی کنڈکٹرز، چپس، اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپس کے لیے چین پر مزید انحصار نہیں کر سکتا۔

بیان میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیاں جلد ہی اربوں ڈالر کی اپنی سرمایہ کاری واپس امریکا منتقل کریں گی تاکہ مقامی سطح پر پیداوار اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ متعدد امریکی کمپنیاں اپنی بیشتر الیکٹرانک مصنوعات چین سے درآمد کرتی ہیں اور اس ٹیکس میں دی گئی رعایت سے ایپل، ڈیل سمیت دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

Scroll to Top