ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تکمیل کیلئے فنڈز مہیا کئے جائیں گے،کمشنر پونچھ ڈویژن

راولاکوٹ ( کشمیر ڈیجیٹل ) کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن نے کہا ہے کہ پونچھ کا علاقہ راولاکوٹ قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔
لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت آزاد کشمیر کروڑوں روپے فراہم کررہی ہے واٹر سپلائی سکیم دریک کو اپ گریڈ کرنے اور واٹر سپلائی سکیم چہڑھ کو رواں کرنے کیلئے ایک منصوبہ بندی کے تحت عمل کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں میسر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال راولاکوٹ کی تکمیل کیلئے فنڈز مہیا کئے جائیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ کیلئے حکومت آزاد کشمیر بیس کروڑ روپے کی رقم ریلیز کررہی ہے ہم اس خطہ پونچھ کو بنیادی سہولتوں کے ساتھ ساتھ ٹورازم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔

کمشنر پونچھ ڈویژن اپنے آفس چیمبر میں میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کے کونسلرز کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔
کونسلر میں سردار عامر رفیق ،شاہد رشید ،خواجہ سجاد ،عرفان ظریف ،وحید اشرف بھی شامل تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر پونچھ ڈویژن سعد اللہ خان اور ایکسین پبلک ہیلتھ طاہر مظفر خان ملک بھی موجود تھے

انہوں نے کہاکہ تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے، کونسلرز حضرات اس میں اپنا کردار ادا کریں۔
لوگوں کی مشکلات ومسائل کو ذاتی مسائل سمجھ کر حل کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہاکہ پونچھ کا یہ علاقہ جنت سے کم نہیں لیکن مطلوبہ مقاصد اسی صورت میں حاصل ہونگے جب ہم سب ملکراس تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں گے تاکہ اس علاقہ کو صحیح معنوں میں خوبصورت اور سہولتوں سے مزین کیا جاسکے

Scroll to Top