پاکستان کے لیے گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام پر امریکی وضاحت جاری، دیگر تعلیمی وظائف برقرار

امریکہ نے پاکستان کے لیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام کی بندش کے حوالے سے پیدا ہونے والی عوامی تشویش کے بعد اس پر اپنا وضاحتی مؤقف جاری کر دیا ہے۔

گزشتہ دنوں امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ 15 برسوں سے کامیابی سے جاری گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام کو اب مزید جاری نہیں رکھا جائے گا۔ امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ اعلان خاص طور پر ان افراد کے لیے مایوس کن ہے جنہوں نے رواں سال اس پروگرام میں شرکت کی امید لگا رکھی تھی۔

اب امریکی حکام کی جانب سے وضاحت سامنے آئی ہے کہ اس وقت امریکہ میں موجود 54 پاکستانی طلبا پروگرام کے تحت اپنی تعلیم مکمل کریں گے اور انہیں مقررہ الاؤنسز اور سہولیات بھی مسلسل فراہم کی جاتی رہیں گی۔ طلبا اپنے شیڈول کے مطابق پاکستان واپس آئیں گے۔

ساتھ ہی امریکہ نے فلبرائٹ اسکالرشپ پروگرام کی بندش سے متعلق افواہوں کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں چلنے والے تعلیمی تبادلہ پروگراموں کا از سرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ انہیں امریکی حکومت کی ترجیحات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

حکام نے مزید واضح کیا ہے کہ امریکی حکومت کی مالی معاونت سے چلنے والے کئی دیگر تبادلہ پروگرام پاکستانی طلبا کے لیے تاحال دستیاب ہیں، جن میں فلبرائٹ پروگرام بھی شامل ہے۔ اس پروگرام کے تحت شریک طلبا اب بھی اپنے وظائف اور دیگر مراعات حاصل کر رہے ہیں۔

یہ وضاحتی بیان اُن تمام قیاس آرائیوں کے بعد سامنے آیا ہے جو گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام کی بندش پر عوامی سطح پر پائی جا رہی تھیں۔

 

Scroll to Top