مظفرآباد:فوڈ اتھارٹی آزادکشمیر نے پابندی کے باوجود پراڈکٹس فروخت کرنے پر 2کمپنیوںکے لائسنس معطل کرتے ہوئے ان پر3،3لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامہ کے مطابق MUX کمپنی کے پم پم چٹخارہ ، سنیکس ، کرنچی نیجوزسنیکس ، فرفرسنیکس، گپ شپ سنیکس اور Master Abrar Foods کے چکن کڑاہی سنیکس، شید و چسکا، ماسٹر بریانی کڑاہی سنیکس، تکہ مصالحہ سنیکس کی پراڈکٹس پر لیبارٹری سے موصولہ رپورٹس کی روشنی میں Unsafe ہونے کی بناء پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
فوڈ سیفٹی آفیسر ضلع باغ کی رپوٹ کے مطابق پابندی کے باوجود ان کمپنیوں کی پراڈکٹس ضلع باغ میں فروخت ہو رہی ہیں جس پر ان کی پراڈکٹس کو زیر ضبطگی لایا گیا۔
پابندی کے باوجود پراڈکٹس کا فروخت کرنے پر دونوں کمپنیوں کے حق میں جاری کردہ اجازت نامہ و الائسنس معطل کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کی پاداش میں ہر دو کمپنیوں پر تین تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا گیا ہے جو فوڈ سیفٹی آفیسر مظفر آباد کے دفتر میں جمع کروایا جائے گا۔
حکم نامہ میں جملہ فوڈ سیفٹی آفیسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ کمپنیوں کی ان پراڈکٹس کے علاوہ باقی پراڈکٹس کی بھی ٹیسٹنگ کرواتے ہوئے رپورٹس سیکرٹری فوڈ اتھارٹی کے پاس جمع کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں : فوڈ اتھارٹی آذادکشمیر کی کارروائیاں جاری، ناقص صفائی پر فاسٹ فوڈ کی مشہور چین سیل