لیپہ ویلی : ریشیان-لیپہ روڈ کو لینڈ سلائیڈ کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ یہ روڈ لیپہ ویلی کی مرکزی شاہراہ ہے جہاں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک معطل ہو گئی تھی۔ روڈ کا ایک حصہ ملبے سے ڈھک گیا تھا جس سے علاقے میں آمدورفت رک گئی تھی۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ لینڈ سلائیڈنگ زمینی حرکت کے نتیجے میں ہوئی تھی جس کے باعث روڈ کی بحالی میں مشکلات پیش آئیں۔ تاہم روڈز اینڈ ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ اور پاک فوج کے جوانوں نے تیزی سے ملبہ ہٹایا اور روڈ کو بحال کر دیا گیا۔ انجینئرز نے بھاری مشینوں کی مدد سے ملبہ صاف کیا اور روڈ کی حفاظت کا جائزہ لیا تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت کو محفوظ بنایا جا سکے۔ مقامی انتظامیہ نے اس آپریشن کی مسلسل نگرانی کی اور روڈ کو جلد اور محفوظ طریقے سے کھولنے میں کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ریشیاں-لیپہ روڈ پرلینڈ سلائیڈنگ، ٹریفک کا نظام مفلوج، سیاح اور مقامی افراد محصور
مقامی انتظامیہ نے مسافروں کو متنبہ کیا ہے کہ ریشیان-لیپہ روڈ کو خاص طور پر ٹرن نمبر فور کے علاقے سے گزرتے وقت احتیاط سے گزاریں، جہاں لینڈ سلائیڈ ہوئی تھی۔ اگرچہ روڈ کھل چکا ہےلیکن روڈ کی صورتحال ممکنہ طور پر خطرات پیدا کر سکتی ہے۔ مقامی لوگوں اور سیاحوں نے روڈ کی بحالی پر سکون کا سانس لیا ہے کیونکہ یہ روڈ علاقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیےاہم ہے۔ کسی بھی قسم کی رکاوٹ چاہے وہ مختصر مدت کی ہوعلاقے میں سامان کی ترسیل کو شدید متاثر کرتی ہے کیونکہ متبادل راستے مشکل اور میسر نہیں ہیں۔
یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پہاڑی علاقوں کی سڑکیں موسمی تبدیلیوں کے دوران قدرتی آفات کا شکار ہو سکتی ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ علاقے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ واقعہ کے لیے پہلے سے تیار رہنے کے منصوبے موجود ہیں۔




