وادی نیلم کا قیمتی خزانہ: روبی (یاقوت)عالمی توجہ کا مرکز

آزاد کشمیر کی وادی نیلم اپنے قدرتی حسن کے علاوہ اب قیمتی معدنیات کی وجہ سے بھی عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ یہاں کی مٹی میں دفون روبی (یاقوت) کے ذخائر اس وادی کو ایک نیا اقتصادی ستون فراہم کر سکتے ہیں۔

وادی نیلم کی مختلف مقامات جیسے چٹا کٹا، نانگی مالی، چِھتر کال، شاردا، دودنیال اور قلی سیکٹر میں روبی کے قیمتی ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ خاص طور پر چٹا کٹا اور نانگی مالی کی کانیں اعلیٰ معیار کے روبی کی وجہ سے معروف ہیں۔ ان علاقوں سے نکلنے والا روبی اپنی شفافیت، رنگت اور سختی میں بے نظیر ہے، جو عالمی مارکیٹ میں انتہائی مطلوب ہے۔

یہ کان کنی مکمل طور پر حکومتی سرپرستی میں کی جا رہی ہے، جس کے تحت مقامی افراد کو حکومت کی اجازت کے بغیر روبی نکالنے کی اجازت نہیں ہے۔ غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں تاکہ ان قیمتی معدنیات کا درست استعمال اور تحفظ ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا گلگت بلتستان 2025 میں دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل

اگرچہ ابھی کان کنی کا عمل محدود پیمانے پر جاری ہے، لیکن یہ امید کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں یہاں سے نکلنے والا روبی مقامی معیشت کو مستحکم کر سکتا ہے اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔

وادی نیلم نہ صرف سیاحوں کے لیے ایک خوبصورت مقام ہے بلکہ یہ معدنیات کے خزانے سے بھی مالا مال ہے۔ روبی کے ذخائر کی کان کنی اس علاقے کو عالمی سطح پر قیمتی پتھروں کی مارکیٹ میں اہم مقام دلا سکتی ہے، بشرطیکہ ان کا استعمال اور تحفظ ذمہ داری سے کیا جائے۔

Scroll to Top