لیپہ ویلی : ریشیاں-لیپہ روڈ پر آج صبح ایک شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی ہےجس سے لیپہ ویلی کا مرکزی زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ متبادل راستہ دستیاب نہ ہونے کے باعث درجنوں افراد گھنٹوں سے ان حالات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ متعدد مسافروں نے صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ نے نہ صرف سفری نظام درہم برہم کر دیا ہے بلکہ کھانے پینے، پناہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی بھی قلت پیدا کر دی ہے۔
محکمہ شاہرات و ہائی ویز آزاد جموں و کشمیر نے ملبہ ہٹانے اور راستہ بحال کرنے کے لیے بھاری مشینری متاثرہ مقام پر روانہ کر دی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ملبہ ہٹانے کا کام کئی عوامل سے مشروط ہے جن میں روڈ کی صورتحال بھی شامل ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بحالی کا عمل جاری ہے اور ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ جلد از جلد سڑک کو دوبارہ کھولا جا سکے۔ ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ “ہماری ٹیمیں بغیر وقفے کے کلیئرنس پر کام کر رہی ہیں تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔”
ریشیاں سے لیپہ ویلی تک کی یہ مرکزی شاہراہ نہ صرف مقامی آبادی کے لیے اہم ہے بلکہ سیاحوں کے لیے بھی ایک خوبصورت پہاڑی مقام تک رسائی کا واحد ذریعہ ہے۔ اس شاہراہ کی بندش سے نہ صرف مقامی رہائشی متاثر ہوئے ہیں بلکہ سیاحت اور خطے کے سفری نظام پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج آزاد کشمیر کے جغرافیائی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخ کا نیا باب رقم کر رہی ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ متبادل راستوں کی عدم موجودگی اور زمین کی غیر مستحکم حالت کے باعث سڑک کو عبور کرنے کی کوشش خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور روڈ کلیئرنس و بحالی سے متعلق پیش رفت سے متعلق مزید اعلانات جلد کیے جائیں گے۔




