اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل )وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ مسلح افواج پاکستان آزادکشمیر کے شہریوں کی جمہوری آزادیوں کے تحفظ اور امن کے لیے اپنے لہو سے تاریخ رقم کررہی ہیں۔
سر حد پار مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے درندگی کا راج قائم کر رکھا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی المناک داستانیں ہیں ، یہاں بھی چند نام نہاد دانشور قابض و محافظ افواج میں فرق کرنے سے عاری ہیں۔ قوموں کی زندگی میں آزادی کی جدوجہد کی نوعیت عسکری یا سیاسی و سفارتی ہو سکتی ہے ،تحریک آزادی کشمیر کی پشت پر بیس کیمپ کی حکومت اور مملکت خداداد پاکستان موجود ہیں ، بھارت پلوچستان میں دہشتگردوں کی بربریت لائیو ٹیلی کاسٹ کرتا ہے لیکن مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال پر مکمل خاموش ہے۔
واضح کر رہے ہیں کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں ،اگر بھارت نے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کو شش کی تو آزادکشمیر کے عوام خونی لکیر کو روند ڈالیں گے ،بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔جس دن اقتدار سے دور ہواناقدین کی اصلیت شجروں سمیت عوام کے سامنے رکھ دوں گا،چوہدری انوارالحق
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے نجی ٹی وی کے دئیے گئے انٹرویو میں کیا، انہوں نے کہا کہ موت میری زندگی کی سب سے بڑی ضمانت ہے ، زندگی اللہ کی دین ہے ، میرے منصب کا تقاضا ہے کہ مصلحت صرف اپنے لوگوں کے لیے ہے ، انہوں نے کہا کہ جب بھی ایل ا و سی پار پیغام دوں گا تو پوری طاقت اور جرآت سے دوں گا ، دشمن کی نیت سے واقف ہوں ، معلومات ہیں کہ بھارت کینیڈا کی طرح یہاں بھی ٹارگٹ کلنگ کرنے کی کوشش کرسکتا ہےدفاع وطن کے لیے جان حاضر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حلف اٹھاتے ہی اقتدار کی نحوست کا خاتمہ کیا ہے ، اپنا سٹاف کم کرکے عوام سے احساس محرومی کا خاتمہ کیا ہے ، وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات کم کرکے 31 کروڑ کی بچت کی ہے ، بائیو میٹرک نظام قائم کیا ، کوئی نئی گاڑی نہیں خریدی ، گورننس کے ساتھ مراعات کی سوچ کا خاتمہ کیا ، اس سال 28 ارب ڈویلپمنٹ اور پونے 200 ارب ریکرینگ بجٹ کی مد میں خرچ کریں گے ، 2سال میں ایک میگا کرپشن سکینڈل نہیں ، ڈیڈ پراجیکٹس کو رواں کیا ، ای ٹینڈر نگ کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کیا ، انفراسٹرکچر بہتر بنا کر ٹورازم کے فروغ کے ساتھ ساتھ ہائیڈل پوٹینشل پر بھی کام کیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔سالوں کی نحوست گھنٹوں میں ختم نہیں کی جا سکتی،چوہدری انوار الحق
انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے ہر ڈویژن میں 2 یا 3 یونیورسٹیز قائم ہیں ، جب منصب سنبھالا تو جامعات کی فیڈرل گرانٹ بند ہو چکی تھی ، ہم نے سسٹم کو ریشنلائز کیا اور جامعات کو بھی اربوں کی گرانٹ دی ، میڈیکل کالجز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے قرض سکیم متعارف کروائی ، محروم طبقات کے لیے سوشل پروٹیکشن فنڈ قائم کیا ، جس کے لیے ڈیٹا کی جانچ ، شفافیت کو مقدم رکھتے ہوئے جاری ہے۔