میرپور( کشمیر ڈیجیٹل )اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال آفتاب احمد نے چارج سنبھالنے کے بعد میونسپل کمیٹی کے چیئرمین،سب ڈویژن ڈڈیال کے ممبران ضلع کونسل و چیئرمین یونین کونسل ہا اور لوکل گورنمنٹ کے افسران کے ساتھ منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے کہا کہ میری پہلی کوشش ہوگی کہ انصاف کے تقاضے پورے کرکے لوگوں کے جملہ حل طلب مسائل فوری حل کیے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور بد عنوانی معاشرے کے ناسور ہیں جن کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا۔یونین کونسل اوناع میں نیو ٹاؤن کی سرکاری عمارات جو تا حال اہل علاقہ کے لئے فعال نہ ہوسکی ہیں ان کی بر وقت تکمیل اور ادارہ جات کو عوام الناس کی فلاح و بہبود بالخصوص سکولوں کی حالت کو بہتر بنانے، شاملات کی تقسیم کی نسبت جنم لینے والے تنازعات، ذیلی کنبہ جات کی آبادکاری اور انہیں حقوق کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔ڈڈیال میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح – نوجوانوں کے لیے بہترین مواقع
اس طرح سب ڈویژن میں غیر قانونی تعمیرات اور کباڑ خانوں کی کثیر تعداد میں موجودگی،بجلی کی غیر منصفانہ تقسیم، دوران بندوبست حقیت داران کے حق تلفی اور رقبہ کی غیر مساوی تقسیم کے معاملات بھی زیر غور لائے گے۔یونین کونسل بہاری میں مین سڑکات پر تجاوزات کی روک تھام اور شجر کاری کے حوالہ سے لائحہ عمل تشکیل دیئے جانے اور محکمہ برقیات کی جانب سے شاخ تراشی اور بجلی کی مین لائن کی مرمتی کے لئے اٹھائے جانے اقدامات کو بھی زیر غور لایا گیا۔
اجلاس میں امن و امان کے قیام،ڈڈیال شہر سمیت،مختلف یونین کونسل ہا کے عوامی مسائل، تجاوزات کے خاتمے، غیر ریاستی بالخصوص افغان مہاجرین کے انخلاء، بجلی،پانی،غیر قانونی تجاوزات،اراضی، متاثرین کے ذیلی کنبہ جات کے حقوق سمیت دیگر متعدد عوامی مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈڈیال حاجی مسعود احمد بھلوٹ،ممبران ضلع کونسل چوہدری شبیر حسین، چوہدری اللہ دتہ،عدنان شوکت ایڈووکیٹ،چوہدری نوید رمضان،نمبردار خالد حسین،سید قیصر عباس،چیئرمین یونین کونسل کٹھاڑ،حافظ محمد عدیل اشرف،چیئرمین یونین کونسل ٹھارہ قیصر محمود ایڈووکیٹ،چیئرمین یونین کونسل اوناع راشد علی کیانی،چیئرمین یونین کونسل سیکھ سعید عالم،چیئرمین یونین کونسل بہاری راجہ ناظم فاروق،چیئرمین یونین کونسل رائے پور چوہدری طارق محمود نے شرکت کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ڈڈیال کا حکومت کو مسائل حل کیلئے 2 ماہ کا الٹی میٹم
اجلاس میں سب ڈویژن ڈڈیال کی جملہ یونین کونسل ہا کے فرداً فرداً مسائل کا جائزہ لیا گیا اور تجاویز حاصل کی گئیں۔میونسپل کمیٹی ڈڈیال کی حدود میں مختلف بازاروں اور شاہراہوں پر گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل جبکہ زمینداران بالخصوص موضع بھلوٹ کی اراضی کے مسائل میں پیش آنے والی مشکلات اور فوری طور پر دادرسی کرنے کے بارے میں حکمت عملی تیار کرنے کی یقین دھانی کروائی گئی۔
شرکاء اجلاس نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور افواہ سازی کے عمل کی روک تھام کے لئے اپنے اپنے علاقہ جات میں نوجوانوں کی رہنمائی کرنے پر اتفاق کیا گیا کہ وہ کوئی ایسی غیر مصدقہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل نہیں کریں گے جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ایسی تمام منفی سرگرمی کا حصہ بھی نہیں بنیں گے جس سے ریاست کے مفاد کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔