اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ریاست میں روڈ انفراسٹرکچر ،عوام کو صحت کی سہولیات، تعلیم کا حصول ، تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
سالوں کی نحوست گھنٹوں میں ختم نہیں کی جا سکتی،انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام حلقہ جات میں مساویانہ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ آزادکشمیر میں تعمیرو ترقی و خوشحالی ہو۔
انہوں نے کہا کہ بھمبر کے شہریوں کو ریاست کے شہریوں کے مساوی ترقیاتی فنڈز اور منصوبے دے رہے ہیں ، عوام کے ٹیکسز کا پیسہ صرف اور صرف عوام پر خرچ کرنے کا مشن جاری رکھیں گے ۔
یہ خبربھی پڑھیں ۔منصو بوں کی بر وقت تکمیل،فنڈز کی منصفانہ تقسیم یقینی بنا رہے ہیں،چوہدری انوارالحق
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانڈی مٹھی ریت بھمبر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کا وزیراعظم ہوں اور میرا اختیار صرف عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال ہوگا۔
تاؤبٹ سے لے کر چھمب تک روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تا کہ ٹورازم سیکٹر کو فروغ دیا جا سکے، بھمبر میں روڈز، ہسپتالوں اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
بھمبر میں 2 ارب روپے کی لاگت سے 40 کنال اراضی لے کر 200 بیڈ پر مشتمل ہسپتال بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بن گئی ہے اور وہاں بسیں بھی آگئی ہیں اب بچے بچیوں کو بھمبر سے مظفرآباد نہیں جانا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 3 ارب روپے کی لاگت سے دانش سکول کی تعمیر شروع ہو رہی ہے اس سے شہریوں کو بہترین تعلیم کا حصول ممکن ہو سکے گا ریاست کے فنڈز عوام کے لئے ہیں اور عوام پر ہی خرچ ہوں گے۔
وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر مبارکباد پیش کی۔