پی آئی اے کا حج آپریشن 2025 کا اعلان ، 56 ہزار سے زائد عازمین کیلئے 280 خصوصی پروازیں

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے حج 2025 کے لیے پری حج آپریشن کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جو 29 اپریل سے یکم جون 2025 تک جاری رہے گا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس دوران قومی ایئرلائن سعودی عرب کیلئے 280 خصوصی پروازیں چلائے گی جن کے ذریعے 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس حکومت کے حج اسکیم کے تحت 20 ہزار جبکہ نجی اسکیم کے تحت 36 ہزار عازمین پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے سفر کریں گے۔ عازمین کو آرام دہ اور منظم سفر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

حج کی ادائیگی کے بعد واپسی کے لیے پی آئی اے کا پوسٹ حج آپریشن 12 جون سے شروع ہو گا جو 10 جولائی تک جاری رہے گا۔

پی آئی اے حکام کے مطابق واپسی کے عمل کو مربوط بنانے کیلئے فلائٹ سسٹم کو منظم انداز میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ تمام پروازیں بروقت اور محفوظ طریقے سے مکمل ہوں، اور عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top