میرپور( کشمیر ڈیجیٹل)وزارت مذہبی امور و حج اسلام آباد کے زیر اہتمام ضلع میرپور سے حج بیت اللہ کی سعادت کے لیے دی جانے والی درخواستوں کی منظوری پر مناسک حج کی ادائیگی کے لیے عازمین حج کی ٹریننگ اور تربیت 21اپریل 2025بروز پیر بمقام نفیس مارکی انڈسٹری اسٹیٹ میرپور میں صبح 9بجے سے شروع ہوگی ۔
ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض کی طرف سے جاری کردہ ایک مکتوب میں کہا گیا ہے کہ تمام ایسے عازمین حج جن کی درخواستیں منظور ہوچکی ہیں وہ مناسک حج کی تربیت کے لیے مقررہ وقت پر پہنچ آئیں تاکہ وزارت مذہبی امور و حج کے افراد ان کو تربیت دے سکیں۔
ادھرپاکستان بھر میں حج 2025 کے لئے تربیتی سیشن کا دوسرا مرحلہ 8 اپریل سے شروع ہوگا۔
یہ خبربھی پڑھیں ۔حج 2025 کے لیے نئی شرط: میننجائٹس ویکسین لازمی قرار
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ تمام عازمین حج کو اپنی تربیتی ورکشاپس کے شیڈول کے لیے حج موبائل ایپ پر ہدایات کا انتظار کرنا چاہیے ۔
ترجمان نے کہا کہ تربیت کا پہلا مرحلہ رمضان سے پہلے مکمل ہو چکا ہے پروگرام کے دوسرے مرحلے کی تاریخ اور مقام کے بارے میں معلومات تمام عازمین حج کو موبائل پیغام اور پاک حج ایپ پر فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام عازمین حج کے لیے تربیتی پروگرام میں شرکت کرنا لازمی ہے۔