کوٹلی میں شہدائے ایل او سی اور شہدائے پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) کوٹلی میں شہدائے ایل او سی اور پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمعہ کے روز ضلع کوٹلی کی سول سوسائٹی،وکلا،طلبہ ،تاجر برادری اور شہداکے ورثا کے زیر اہتمام شہدائے ایل او سی اور شہدائے پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت لواحقین شہداء،صدر ڈسٹرکٹ بار سردار آفتاب انجم،صدر انجمن تاجران ملک محمد یعقوب ،رہنما جماعت اسلامی افتخار بٹ ،حریت رہنما محمد اختر قریشی ایڈووکیٹ ،رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر پرویز اکبر اور صدر اپیکا کوٹلی سردار گلفرازاحمد نے کی۔

ریلی ڈپٹی کمشنر آفس اے شروع ہوئی اور ڈسٹرکٹ پریس کلب اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا ریلی نے پاک فوج تیری عظمت کو سلام ،پاکستان زندہ اور مودی مردہ باد کے نعرے لگائے۔

پریس کلب میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے اس کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فوج کے خلاف باتیں کرنے والے ملک دشمن ہیں۔

فوج کے خلاف باتیں کرنے والی سیاسی جماعتوں کا عوام بائیکاٹ کریں گے۔مقررین نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے ہم خون کے آخری قطرے تک پاک فوج کیساتھ شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔مظفرآباد،پاک فوج کے چاق وچوبند دستے کی یادگار شہداء پر سلامی،پھول چڑھائے

پاک فوج کی قربانیاں پوری قوم کے سامنے موجود ہیں ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم سب آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں اور ہم پاکستانی عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ موجود ہیں۔

پاک فوج کے لیے ہم قربان ہونے کو تیار ہیں۔ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں اپنی شکست چھپانے کے لئے ایل او سی پر جارحیت دکھا رہا ہے آزاد کشمیر کے لوگ ہندوستان کی جارحیت سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے دشمن کے ہاتھ میں کھیل رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ آخر میں رہنما پیپلزپارٹی نصیراحمد راٹھور نے قراداد پڑھی اور شہدائے کشمیر ،شہدائے پاک فوج کے درجات کی سربلندی ،استحکام پاکستان ،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے دعا کی۔

مقررین میں صدر ڈسٹرکٹ بار سردار آفتاب انجم،صدر انجمن تاجران ملک محمد یعقوب ،رہنما جماعت اسلامی افتخار بٹ ،حریت رہنما محمد اختر قریشی ایڈووکیٹ ،رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر پرویز اکبر اور صدر اپیکا کوٹلی سردار گلفرازاحمد،تحصیل صدر اپیکا قاضی جاوید ،قاری حنیف،چوہدری محمد مہربان ، والد سپاہی ساجد صغیر شہید ،ڈپٹی ڈائریکٹر سولجر بورڈ میجر ر خضر حیات اور دیگر شامل تھے۔

Scroll to Top