اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل )زمین کی حدود سے نکل کر خلا کی وسعتوں تک رسائی، پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ قریب آگیا ہے۔
ملک کا پہلا خلاباز چینی خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا کا سفر کرے گا، جہاں وہ سائنسی ماہر کی حیثیت سے خدمات انجام دے گا.
پیش رفت نہ صرف پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ چین کے ساتھ سائنسی اور تکنیکی تعاون کے نئے امکانات بھی روشن کرے گی۔
پاکستان کے پہلے خلاباز کی چینی خلائی اسٹیشن روانگی کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سپارکو کے مطابق پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی اس مشن میں بطور سائنسی ماہر حصہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :پاک فضائیہ کا بڑا اقدام، اسلام آباد میں عالمی اسکواش مقابلوں کا میدان سج گیا
مشن پاکستان اور چین کی خلائی ایجنسیوں کے باہمی اشتراک سے انجام دیا جائے گا، جسے دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
مشن میں پاکستانی خلاباز کی شرکت کو ملک کے خلائی سفر میں ایک نئے باب کا آغاز سمجھا جارہا ہے۔ اس پیش رفت سے پاکستان کو عالمی خلائی تحقیق کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور جدید سائنسی تجربات میں شمولیت کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں :قوم کو پاک فضائیہ پر فخر،شاہین ہر چیلنج کا سامنا کرنے کو مکمل تیار ہیں، وزیراعظم
سپارکو کے مطابق مشن سے متعلق چین سے پاکستانی خلاباز کی میڈیا بریفنگ بھی براہ راست نشر کی جائے گی، جس میں خلائی سفر، مشن کے مقاصد اور دیگر اہم پہلوؤں سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
پاکستانی خلاباز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئے گا۔
مشن میں شرکت کو پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے، جس سے مستقبل میں خلائی تحقیق، سائنسی تجربات اور بین الاقوامی اشتراک کے مزید راستے کھلنے کی توقع ہے۔




