کھلی مشینری اور پنکھے سے حادثات کا خدشہ، محکمہ سول ڈیفنس کی عوام کو وارننگ

مظفرآباد :محکمہ سول ڈیفنس آزاد کشمیر نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کھلی مشینری اور گھریلو پنکھے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی صورت میں خطرناک حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

حالیہ ایک واقعے میں ایک خاتون کے بال پنکھے میں پھنس گئےجس کے نتیجے میں وہ ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئیں، اس واقعے کے بعد حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔ محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق ورکشاپس، فیکٹریوں اور گھروں میں نصب پنکھے اور مشینری استعمال کرتے وقت خصوصی احتیاط برتنا ضروری ہے۔ خواتین اور بچوں کے لیے یہ خطرہ زیادہ سنگین ہو سکتا ہے کیونکہ لمبے بال، ڈھیلے کپڑے اور غیر محتاط رویہ کسی بھی وقت حادثے کو جنم دے سکتا ہے۔ بچے بھی اکثر انجانے میں چلتے ہوئے پنکھے یا مشینری کے قریب پہنچ جاتے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں چوٹ لگنے یا کسی بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حفاظتی اصولوں پر عمل کیے بغیر کسی بھی گھومنے والے آلے کے قریب جانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ گھر، دفاتر اور صنعتی مقامات پر کام کرتے وقت خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اسی لیے مشینری کے استعمال کے دوران حفاظتی اقدامات، جیسے ایمرجنسی شٹ آف بٹن کی موجودگی، لمبے بال باندھ کر رکھنا اور بچوں کو ان آلات سے دور رکھناانتہائی ضروری ہے۔

محکمہ سول ڈیفنس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ معمولی سی غفلت سے بچنے کے لیے مکمل احتیاطی تدابیر اپنائیں کیونکہ ایک لمحے کی بے احتیاطی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ حکام نے اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ محفوظ رہنے کے لیے رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

Scroll to Top