پاکستان و آزاد کشمیر میں نماز عید کے اجتماعات، ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان وآزاد کشمیر میں آج عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے،اسلام آباد، لاہور ، ملتان ،کراچی ، کے پی کے مختلف علاقوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان وآزاد کشمیر میں عید مذہبی جو ش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی کیلئے دعا ئوں کے ساتھ ہوا ۔

نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد لاہور، شاہ فیصل مسجد اسلام آباد اور دیگر مساجد میں ہوئے ، نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزاد ی کے لئے دعائیں کی گئیں ۔

نماز عید کے بعد مسلمانوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی ،قبل ازیں صدر آصف علی زرداری نےعید الفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عید الفطر پر پوری قوم اور مسلم دنیا کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور خوشی کا یہ دن برکتوں، عبادت کے بعد آتا ہے۔

صدر نے کہا کہ عید الفطر اللہ کی طرف سے وہ اجر ہے جو اس نے ہمیں روزے کی مشکلات پر دیا ہے ،یہ مہینہ ہمیں صبر، رواداری، عبادت اور غریبوں کی مدد سکھاتا ہے۔

اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عملی زندگی میں خلوص، ایمانداری اور محبت کے جذبات کو برقرار رکھیں،آصف علی زرداری نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر ہمیں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی معاشی مشکلات کا احساس کرنا چاہیے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ کہ ہمیں متحد ہو کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا چاہیے۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جنگ سے گزر رہا ہے. پاک فوج کے افسران اور سپاہی امن کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں ہم تمام شہداء کے اعلیٰ ترین عہدوں کے لیے دعا کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

 

Scroll to Top