اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )عید الفطر کے دوران پنجاب میں عارضی طور پر نصب مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی گئی ۔
صوبائی حکومت کے مطابق یہ پابندی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے لگائی گئی ، پابندی پورے پنجاب میں لاگو ہوگی۔ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ جاری کردیا گیا۔
عید کے دوران بچوں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد سے تفریحی پارکوں کا دورہ کرنے کی توقع ہے شہری کھیل کے میدانوں، گیمنگ زونز اور مکینیکل جھولوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ان جگہوں کا رخ کریں گے۔
خط کے مطابق تفریحی پارکوں، تھیم پارکس اور کھیل کے میدانوں میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کی مشروط اجازت ہوگی۔
مستقل بنیادوں پر نصب جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ،دوسری طرف، متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تصدیقی سرٹیفکیٹ کو مستقل طور پر نصب جھولوں کے حفاظتی معائنہ اور تمام ریگولیٹری معیارات کے نفاذ کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ میں ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ کنٹرول روم پورے پنجاب سے 24 گھنٹے رپورٹیں مرتب کرے گا .اس کے علاوہ امن و امان کے قیام اور حکومتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔. عید کی تعطیلات کے دوران سینئر افسران کی قیادت میں کام جاری رہے گا۔