مظفرآباد میں تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کی ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم سیماب اور اس کے ساتھی محسن عباسی کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک پسٹل اور ایک کلو سے زائد چرس برآمد کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پولیس کو اطلاع ملی کہ ٹنڈالی کے رہائشی دو منشیات فروش، سیماب اور محسن عباسی بھاری مقدار میں منشیات کے ساتھ سبڑی پل پر موجود ہیں۔ اس اطلاع پر شہیدالرحمان سب انسپکٹر کی قیادت میں پولیس ٹیم موقع پر پہنچی جہاں سیماب نے پولیس کو دیکھتے ہی پسٹل سے براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو گولیاں کانسٹیبل عمیر کی ٹانگ پر لگیں، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
پولیس ٹیم نے بہادری اور حکمت عملی سے کارروائی کرتے ہوئے سیماب اور اس کے ساتھی محسن کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے پسٹل کے علاوہ ایک کلو سے زائد چرس بھی برآمد ہوئی۔ دونوں ملزمان کے خلاف پولیس پارٹی پر حملہ، دہشت گردی، فائرنگ اور منشیات رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر ایمز امبور مظفرآباد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔