چینی کمپنی بی وائی ڈی نے اکتوبر کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مسلسل چھٹے ماہ سالانہ بنیادوں پر اضافے کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں چینی الیکٹرک گاڑیوں کی طلب بڑھنے کی وجہ سے کمپنی کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے اتوار کے روز جاری کیے گئے اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ بی وائی ڈی نے اکتوبر کے مہینے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 90 ہزار 168 گاڑیاں فروخت کی ہیں۔ یہ حجم گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے، تاہم فروخت میں اضافے کی رفتار ستمبر کے مقابلے میں نسبتاً کم رہی ہے، کیونکہ ستمبر کے دوران کمپنی نے سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا تھا۔
بیرون ملک مارکیٹ میں نمایاں کامیابی:
بی وائی ڈی کی اکتوبر کی مجموعی کارکردگی میں بیرون ملک مارکیٹوں نے انتہائی اہم اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس عرصے کے دوران کمپنی نے بیرون ملک 1 لاکھ 70 ہزار 194 گاڑیاں فروخت کیں، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 102.8 فیصد زیادہ فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا استعمال شدہ گاڑیوں کی امپورٹ پر عمر کی حد ختم کرنے کا اعلان
تجزیہ کاروں اور ماہرین کے مطابق چینی الیکٹرک گاڑی ساز کمپنیوں کے درمیان عالمی مارکیٹوں میں اپنا مقام بنانے کی دوڑ انتہائی تیز ہو چکی ہے۔ اس شدید پیشرفت کے باعث عالمی آٹو مارکیٹ کے اندر مقابلہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہو رہا ہے۔
مقامی مارکیٹ کی صورتحال اور مستقبل کے امکانات:
دوسری جانب چین کی مقامی مارکیٹ کے اندر گاڑیوں کی طلب میں کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے، جو تمام کمپنیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چین کی مقامی آٹو مارکیٹ میں رواں سال توقعات سے کہیں زیادہ کمی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم 2027 کے دوران اس شعبے میں معمولی بحالی کی امیدیں ظاہر کی جا رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بی وائی ڈی کے لیے بیرون ملک فروخت میں مسلسل ہونے والا یہ اضافہ عالمی سطح پر کمپنی کی توسیع اور اس کی مستقبل کی کاروباری حکمت عملی میں بنیادی و اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔




