میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) ایڈیشنل ضلعی فوجداری عدالت میرپور کے فاضل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گل شیر احمد اور فاضل ایڈیشنل ضلع قاضی کرامت حسین نظامی نے سرکار بنام محمد امین مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔
فاضل ایڈیشنل ضلع قاضی کرامت حسین نظامی نے تحریر کیااور پڑھ کر سرِ اجلاس سنایا، عدالت نے فیصلے میں جرم ثابت ہونے پر فیصلہ سنادیا گیا ہے
مجرم محمد امین ولد میاں خان، قوم تھوتھال ، ساکن چٹی باولی، ضلع بھمبرکوایک سال قید اور دفعہ 427 کے تحت چھ ماہ قید اور 30 ہزار روپے جرمانےکی سزا سنادی۔
عدالت نے دفعہ 320 اے پی سی کے تحت جرم ثابت ہونے پر ایک سال قیدِ محض اور دیت کی سزا سنا دی۔
جبکہ فاضل عدالت کے فیصلے کے مطابق عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مجرم کو مزید 10 روز قید بھگتنا ہو گی۔ عدالت نے دفعہ 331(1)، 331(2) اور 331(3) اے پی سی کے تحت دیت کی ادائیگی اور اس سے متعلقہ قانونی امور کے حوالے سے بھی احکامات صادرکئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر کا سودا:فضل الرحمن کی بھارت سے ہاتھ ملانے کی باریک واردات پکڑی گئی، دی ٹیلی گراف کا انکشاف
فیصلے کے مطابق دفعہ 331(1) اے پی سی کے تحت دیت کی ادائیگی تین سال کے عرصے میں اقساط کی صورت میں کی جائے گی۔ عدم ادائیگی دیت کی صورت میں مجرم کو ادائیگی تک جیل میں رکھا جائے گا۔
تاہم دفعہ 331(2) اے پی سی کے تحت دیت کی مکمل رقم کے برابر سیکیورٹی یا کفالت نامہ عدالت میں جمع کرانے پر ضمانت پر رہائی ممکن ہو گی، جبکہ دفعہ 331(3) اے پی سی کے تحت مجرم کی موت کی صورت میں دیت اس کی جائیداد سے وصول کی جائے گی۔
مجرم کی تمام سزائیں بیک وقت شروع ہوں گی اور اسے دفعہ 382-B ضابطہ فوجداری کا فائدہ بھی دیا گیا۔ فاضل عدالت نے مجرم کے وارنٹِ قید جاری کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل میرپور کو مجرم کو اپنی تحویل میں رکھنے اور حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فسادی جتھے کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آگئے،ایس پی امیر الدین
یاد رہے کہ فاضل عدالت کے فیصلہ کے مطابق 22 اگست 2021ء کو مغل آباد کے مقام پر بس ڈرائیور مجرم محمد امین کی غفلت و لاپرواہی سے پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں مستغیث زاہد حسین کا بھائی وحید اقبال جاں بحق جبکہ اسد شفیق زخمی ہو گیا تھا۔
مقدمے کی پیروی عامر رشید ایڈووکیٹ (اے پی پی) نے منجانب سرکار، چوہدری خرم سیف ایڈووکیٹ نے منجانب مستغیث اور بابر علی خان ایڈووکیٹ نے منجانب مجرم کی۔




