عید الفطر کی تیاریاں،مرد حضرات بھی خواتین سے پیچھے نہیں! ویسٹ کوٹ خاص فیشن ٹرینڈ

تتا پانی اور گردونواح میں عید الفطر کی تیاریوں کا جوش و خروش اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ بازاروں میں چہل پہل بڑھ گئی ہے جہاں خواتین کے ساتھ ساتھ مرد حضرات بھی بھرپور خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ مردوں کے لیے ویسٹ کوٹ ایک خاص فیشن ٹرینڈ ہے جو شلوار قمیض کے ساتھ لازمی جزو تصور کیا جا رہا ہے۔

دکانداروں کے مطابق ویسٹ کوٹ عید کے جوڑے کا لاذمی جزو ہے۔ مختلف رنگوں اور جدید ڈیزائنوں کے ویسٹ کوٹ نوجوانوں سے لے کر ہر عمر کے لوگوں میں یکساں مقبول ہیں۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ انھوں نے عید کی خریداری میں ویسٹ کوٹ سب سے پہلے لی ہے اور پھر اور چیزوں کی خریداری کی ،روایتی شلوار قمیض کے ساتھ ویسٹ کوٹ پہننے سے نہ صرف عید کے دن کی خوشیاں دوبالا ہو جاتی ہیں بلکہ شخصیت میں بھی ایک منفرد نکھار آتا ہے۔ ایک خریدار کا کہنا تھا کہ عید پر منفرد نظر آنا چاہیے اور ویسٹ کوٹ ان کی تیاریوں کا لازمی حصہ بن گیا ہے۔

دوسری جانب خواتین بھی عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں، مہندی، چوڑیوں اور ملبوسات کی خریداری زور و شور سے جاری ہے۔ درزیوں کے پاس آرڈرز کی بھرمار ہے اور بازاروں میں رش بڑھنے سے خریداری کا سلسلہ دن رات جاری ہے۔

عید کی آمد کے ساتھ ہی تتا پانی کے بازاروں کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں اور شہری پوری جوش و خروش کے ساتھ عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

Scroll to Top