مسجد الحرام میں دعائے ختم قرآن ،25 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کی شرکت

مکہ مکرمہ: رمضان المبارک کی 29 ویں شب کو 25 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام نے مسجد الحرام میں تراویح اور ختم قرآن کی دعا میں شرکت کی۔

سبق نیوز کے مطابق لاکھوں فرزندان اسلام نے مکمل اطمینان اوربھرپور روحانی فضا میں خشوع و خصوع سے دعا کی۔

رمضان المبارک کی آخری طاق رات اور جمعہ الوداع کی وجہ سے بھی زائرین کی بڑی تعداد صبح سے ہی مسجد الحرام میں پہنچ گئی تاکہ ختم القرآن کی دعا میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

مسجد الحرام میں انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر مثالی انتظامات کئے گئے تھے۔ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ رضاکار اور شہری دفاع کے یونٹس بھی زائرین کی آمد رفت کو منظم رکھنے میں پیش پیش رہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسجدالحرام کی تیسری توسیع پر اہم سنگ میل عبور،ایئرایمبولینس کی کامیاب لینڈنگ

مسجد الحرام کے اندر، سعودی عرب کی تیسری توسیع کے علاوہ دوسری اور تیسری منزل اور چھت کے علاوہ بیرونی صحن اور راستے بھی دعائے ختم قرآن کے وقت فرزندان اسلام سے بھرے ہوئے تھے تاہم سکیورٹی مثالی سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے راہداریاں آمد ورفت کے لیے کھلی تھیں۔

مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں صفائی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے جس کے لیے اضافی کارکناں کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ معمر اور معذور افراد کے لیے مسجد الحرام میں داخل ہونے کے مخصوص راستوں پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جس کی وجہ سے معمر افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

زائرین کا کہنا تھا کہ مملکت کی قیادت نے حرمین شریفین کے مثالی انتظامات کیے جس کی وجہ سے انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

Scroll to Top