مظفر آباد،نیلم( کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ صحت عامہ کے زیراہتمام آزاد کشمیر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم اپریل میں شروع ہو گی۔پولیو مہم کے دوران 5سال سے کم عمر کے 38ہزار سے زائد بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
صحت عامہ نے انسداد پولیو مہم کے لیے انتظامات شروع کردیئے، نیلم بھر میں 220 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جوگھرگھرجاکر 21سے 25 اپریل تک اور31فکسڈ سنٹرز پر پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر EPIسید مبشر گیلانی نے ڈپٹی کمشنر چمبر میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ودیگر آفیسران کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ماہ اپریل کے تیسرے ہفتے میں ریاست بھر کی طرح ضلع نیلم میں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کی پانچ روزہ مہم شروع کی جائے گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔ملک کے مزید اضلاع اور آزادکشمیر میں پولیو وائرس کی تصدیق
جس میں 220 موبائل ٹیمیں گھرگھر جاکریاپھر 31فکسڈ سنٹرز پر 5سال سے کم عمر کے38738 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلا ئیں گی۔اس سلسلہ میں سفرکرنیوالے والدین کے بچوں کیلئے 8ٹرانزٹ پوائنٹ (خصوصی مرکز)چلہانہ،جورا، کنڈلشاہی، آٹھ مقام،دواریاں، دودھنیال،شاردہ، کیل قائم ہیں۔
ٹیموں کی نگرانی کیلئے یونین کونسل سطح پر 6ایریاانچارج مقرر کیے گئے ہیں جبکہ یونین کونسل سطح پر نگرانی کیلئے 18 تربیت یافتہ UCMO,s تعینات ہونگے۔پولیو کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او آفس میں قائم ہے جہاں سینئر نمائندہ دوران پولیو مہم صبح 8بجے سے رات9بجے تک پولیو ویکسین سے محروم رہ جانیوالے بچوں کے بارے میں شکایت درج کریگاتاکہ بچوں تک رسائی حاصل کی جاسکے۔