سدہنوتی ( کشمیر ڈیجیٹل )حکومتی اعلانات کے باوجود منڈہول کےگورنمنٹ بوائز مڈل سکول بوکڑہ کو ہائی کا درجہ نہ مل سکا ،طلباء کو مشکلات کا سامنا ، مقامی افراد اور طلبا وطالبات کا سکول اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ ۔
کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق بٹل سیکٹر کے علاقے منڈہول بوکڑہ میں قائم قدیم بوائز مڈل سکول کو اپ گریڈ نہ کیا جاسکا، سکول کی اپ گریڈیشن سے متعلق حکومتی سطح پر بار ہا وعدے ہوئے لیکن ایفا نہ ہوسکے۔
گورنمنٹ بوائز مڈل سکول بوکڑہ میں کمپیوٹر لیب بھی موجود نہیں ہے جس کے باعث طلبا وطالبات جدید تعلیم سے محروم ہیں ، عربی ٹیچر بھی سکول میں کوئی نہیں ہے طلبا کو دینی تعلیم کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔
سکول کے اساتذ ہ اور طلبا وطالبات کا کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر متعدد بار یہ اعلانات ہوئے کہ سکول اپ گریڈ کیا جائے گا لیکن ایسا آج تک نہ ہوسکا۔
سکول کا رزلٹ بھی ہر سال سو فیصد ہوتا ہے ،پڑھائی بھی اچھی ہے لیکن حکومت کی طرف سے توجہ نہ ہونے کے باعث سکول کو اپ گریڈ نہیں کیا جارہا ہے جس کے سبب طلبا وطالبا ت مشکلات کا شکار ہیں ۔
عوام علاقہ کا کہنا تھا کہ ہم غریب لوگ ہیں اپنے بچوں کو دوردراز کے سکولوں میں نہیں بھیج سکتے ،ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ اسی سکول کو اپ گریڈ کر کے مزید سہولیات دی جائیںتاکہ ہمارے بچے بھی جدید تعلیم حاصل کرسکیں