ٹرائی سیریز:انگلینڈ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل) سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاہے اورگرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ یہ ایک چیلنج سیریز ہے، پاکستان کو کم اسکور پرآؤٹ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے،عادل رشید کو پلینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں: برینڈن میک کولم

کپتان قومی ٹیم شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ٹیم نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا، تجربہ کار کھلاڑی درست وقت پر بہترین فارم میں آ رہے ہیں۔

شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ سلمان علی آغا نےپچھلے میچ میں شاندار اننگز کھیلی جس سے ان کے اعتماد بڑھا ۔ آج کے میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پوائنٹس ٹیبل پراس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے، سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37رنزکے مارجن سے شکست سے دوچار کیا تھا۔

سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہیں۔22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا تیسرا میچ انگلینڈ اورسری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ باقی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے جائیں گے۔

25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں مدمقابل آئیں گی  ۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا میں میچ ہو گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں کو سزائیں سنا دیں

تینوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کیخلاف 2، 2 میچز کھیلیں گی جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 2 ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔