ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے پینشنرز 8 ماہ سے پینشن سے محروم، گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت

مظفرآباد : ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے غریب پینشنرز گزشتہ 8 ماہ سے اپنی پینشن سے مکمل طور پر محروم ہیں، جس کے باعث ان کے گھروں میں شدید فاقہ کشی کی نوبت آ چکی ہے۔ فنڈز کے حصول کی خاطر چیئرمین ترقیاتی ادارہ نے حکومتِ آزاد کشمیر کو باضابطہ تحریک کر دی ہے، تاہم حکومت کے پاس فنڈز دستیاب نہیں ہیں۔

حکومتِ آزاد کشمیر کو اس وقت 5 ارب روپے سے زائد کے مالی خسارے کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے متعلقہ محکمہ جات نے بھی فنڈز کی فراہمی سے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں۔ دوسری جانب ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے غریب پینشنرز گزشتہ 8 ماہ سے اپنی جائز پینشن کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

پینشنرز کے اہل خانہ کا وزیراعظم آزاد کشمیر سے دکھی اپیل:

ترقیاتی ادارہ کے ان پینشنرز کے اہل خانہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے درد مندانہ اور عاجزانہ اپیل کی ہے کہ خدارا ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کو فوری طور پر فنڈز جاری کیے جائیں، تاکہ ان مظلوم پینشنرز کو ان کی 8 ماہ سے واجب الادا پینشن مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پینشن لینے والوں کے لیے بڑی خبر، نادرا نے تصدیق کا جدید ڈیجیٹل طریقہ متعارف کرا دیا

پینشن کی عدم ادائیگی کے باعث یہ تمام پینشنرز اور ان کے اہل خانہ شدید ذہنی اضطراب کا شکار ہو چکے ہیں۔ کئی افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر سخت مسائل سے دوچار ہیں اور ان کے پاس علاج معالجے کے لیے بھی رقم موجود نہیں ہے، جبکہ گھروں کا چولہا اور نظام چلانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور دکانداروں نے بھی اب ادھار سامان دینا بند کر دیا ہے۔

عوامی، سیاسی اور سماجی حلقوں کا پینشن کی ادائیگی کا مطالبہ:

اس سنگین اور انسانی مسئلے پر عوامی، سیاسی اور سماجی حلقوں کے رہنماؤں بشارت جگوال، ظاہر قریشی، فاروق بیگ، کاشف اعوان، ہارون قریشی، بلال احمد اور دیگر نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان تمام رہنماؤں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے ان غریب اور مستحق پینشنرز کو جلد از جلد پینشن کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں: نادرا کا رجسٹریشن کے لیے جدید موبائل ڈیوائسز کا استعمال شروع