کوٹلی (کشمیرڈیجیٹل ) وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ سردار میر اکبر خان کی زیر صدارت محکمہ تعمیرات عامہ بلڈنگز اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں وزیر صنعت، تجارت، کھیل، معدنی وسائل و سیاحت چوہدری عبدالر حمٰن، وزیر مال، بورڈ آف ریونیو و بحالیات راجہ محمد ریاست خان، ممبر اسمبلی راجہ ایاز نثار اور سابق اُمیدوار اسمبلی حلقہ سٹی راجہ فاتح محمود کیانی نے خصوصی شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا بڑا فیصلہ: سردار میر اکبر خان کی رکنیت برقرار
اجلاس میں ضلع کوٹلی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی کاموں کے معیار، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، کھیلوں کے میدانوں، تعلیمی و صحت کے بنیادی ڈھانچے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دوران اجلاس ایکسین بلڈنگز رضوان شبیر مرزا نے ضلع کوٹلی میں محکمہ تعمیرات عامہ کے تحت جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ایکسین پبلک ہیلتھ فرحان خان نے ضلع میں پانی کی فراہمی کی جاری اسکیموں، ان کی لاگت اور اب تک ہونے والے اخراجات سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
اس موقع پراجلاس سے خطاب میں وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ سردار میر اکبر خان نے کہا کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے، اس لیے متعلقہ محکموں کے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ادا کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر اور محکمانہ سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی بہتری اور کارکردگی میں اضافے کیلئے افسران کو خود اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سیاسی قیادت پالیسی اور سمت متعین کرتی ہے، جبکہ منصوبوں کو عملی شکل دینا متعلقہ محکموں اور افسران کی ذمہ داری ہے۔ افسران کو چاہیے کہ وہ عملی اقدامات کریں، مسائل کے حل کے لیے ہمت اور عزم کا مظاہرہ کریں اور عوام کو ترقیاتی کاموں کے مثبت نتائج زمین پر نظر آنے چاہئیں۔
سردار میر اکبر خان نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ کو ہدایت کی کہ کوٹلی شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، پائپ لائنوں میں لیکیج پر قابو پایا جائے اور شہریوں کو صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کی فراہمی اور آمدن و اخراجات کے درمیان نمایاں فرق کو کم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔
پانی کی فراہمی پر سالانہ تقریباً 15 کروڑ روپے کے اخراجات کے مقابلے میں ڈھائی کروڑ روپے آمدن کے فرق کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور پانی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر ان کے کنکشن منقطع کئے جائیں، تاکہ واجبات کی وصولی بہتر بنائی جا سکے اور ادارے کی مالی حالت مستحکم ہو۔
انہوں نے کہا کہ کوٹلی شہر میں پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہونا چاہیے۔ اس مقصد کیلئے پانی کی تقسیم کے نظام میں بہتری لائی جائے، لیکیج کی نشاندہی کرکے فوری مرمت کی جائے اور افسران دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
انہوں نے متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر کو بھی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ وزٹس کریں اور جاری منصوبوں کی رفتار اور معیار کی خود نگرانی کریں۔ اجلاس میں کے ڈی اے کیلئے الگ ٹیوب ویل نصب کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ کھوئی رٹہ میں پانی کی فراہمی کے مسئلے کے حل کیلئےباقاعدہ اسکیم مرتب کرکے وزیر حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹھیکیداروں کی مالی استعداد اور کام کرنے کی صلاحیت کو مدنظر رکھا جائے تاکہ منصوبوں پر کام تسلسل کے ساتھ جاری رہے اور مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق زبانی وضاحتوں کے بجائے مستند دستاویزی رپورٹس پیش کی جائیں
اور ہر منصوبے کے مسائل، تاخیر کی وجوہات اور ان کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات واضح طور پر ریکارڈ پر لائے جائیں۔ انہوں نے کھیلوں کے منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ جہاں زمین کی دستیابی یا ملکیت کے مسائل درپیش ہیں، وہاں فوری اقدامات کرتے ہوئے پہلے منصوبے کیلئے درکار اراضی کو محفوظ بنایا جائے، تاکہ تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے متعلقہ وزراء اور ممبران اسمبلی کو منصوبوں کی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھنے اور انہیں موقع پر لے جا کر کام کا معائنہ کرانے کی ہدایت کی۔
سردار میر اکبر خان نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں کے پاس منی گراؤنڈ کیلئے مناسب جگہ دستیاب نہیں، وہاں کسی دوسرے موزوں سکول کا انتخاب کیا جائے جبکہ زمین یا دیگر معاملات پر اختلافات کی صورت میں تمام متعلقہ فریقوں اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مسئلہ حل کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کھوئی رٹہ کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کرانے کے لیے ضروری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ خستہ حال سرکاری عمارتوں کی بار بار مرمت پر وسائل خرچ کرنے کے بجائے، جہاں عمارت کی حالت تقاضا کرے، وہاں نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی جائے، تاکہ عوام کو محفوظ اور بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
وزیر صنعت، تجارت، کھیل، معدنی وسائل و سیاحت چوہدری عبدالرحمن نے کوٹلی شہر میں پانی کی فراہمی، پائپ لائنوں سے لیکیج، تجاوزات اور دیگر شہری مسائل پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی مشکلات کے حل کیلئے فعال اور مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے پانی کے ضیاع کو روکنے، خراب پائپ لائنوں کی مرمت اور فراہمی کے نظام میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے پانی کی قلت اور مختلف مقامات پر لیکیج کے اسباب کے بارے میں استفسار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مسئلے کا عارضی حل نکالنے کے بجائے پائیدار بنیادوں پر اصلاحات کی جائیں، تاکہ شہریوں کو بار بار اسی نوعیت کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چوہدری عبدالرحمٰن نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے مسائل کی نشاندہی، ترجیحی بنیادوں پر ان کے حل اور عملی اقدامات کی نگرانی یقینی بنائیں۔
انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں متعلقہ منتخب نمائندوں کو اعتماد میں رکھنے اور کام کی رفتار و معیار کو مسلسل مانیٹر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیر مال، بورڈ آف ریونیو و بحالیات راجہ محمد ریاست خان نے حلقہ چڑہوئی میں محکمہ ہائر ایجوکیشن اور محکمہ کھیل کے تحت جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کو اس انداز میں آگے بڑھایا جائے کہ جون تک افتتاح کے لیے تیار ہو سکیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر کی وجوہات دور کی جائیں، متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے رکاوٹیں ختم کریں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے مؤثر نگرانی کا نظام اپنائیں، تاکہ عوام کو ان منصوبوں سے جلد استفادہ حاصل ہو سکے۔
ممبر اسمبلی راجہ ایاز نثار نے کھوئی رٹہ میں محکمہ تعلیم، کھیل اور پبلک ہیلتھ سے متعلق مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں، کھیلوں کی سہولیات اور پانی کی فراہمی سے متعلق عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور اس امر پر زور دیا کہ مقامی سطح پر درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔سابق اُمیدوار اسمبلی حلقہ سٹی راجہ فاتح محمود کیانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی میں 200 بستروں پر مشتمل توسیعی منصوبے کو درپیش چیلنجز اور رکاوٹوں پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں صحت، تعلیم اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی ضروریات پوری کرنے اور نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔
وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ نے ان تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ امور پر پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ایکسین پبلک ہیلتھ فرحان کریم نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع کوٹلی میں پانی کی فراہمی کے چار منصوبے جاری ہیں، جن کی مجموعی تخمینہ لاگت ایک ارب 48 کروڑ 27 لاکھ روپے ہے جبکہ ان منصوبوں پر اب تک 79 کروڑ 82 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ سردار میر اکبر خان نے کوٹلی شہر میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کی تکمیل، موجودہ پیش رفت، درپیش مسائل اور باقی ماندہ کاموں کے حوالے سے مفصل رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام امور کا جائزہ لے کر منصوبے کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، تعمیراتی معیار برقرار رکھنے، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے اور صحت، تعلیم و کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئےمتعلقہ محکمے مؤثر اقدامات کریں گے جبکہ منصوبوں کی نگرانی اور پیش رفت کے جائزے کا عمل بھی مزید فعال بنایا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کو جھٹکا، سردار میر اکبر مسلم لیگ نواز میں شامل
اجلاس میں ایس ای پی ایچ ای سرکل میرپور اشتیاق مغل، ایس ای عمارات سرکل میرپور یاسر بشیر، ایکسین عمارات ڈویژن میرپور ثاقب حسین، ایکسین عمارات ڈویژن کوٹلی مرزا رضوان شبیر، ایکسین پبلک ہیلتھ کوٹلی فرحان کریم، ایکسین پی ایچ ای ڈویژن میرپور یاسین طاہر، ایکسین پی ایچ ای ڈویژن بھمبر محمد مظہر، ایس ای اجمل مصطفیٰ، انفارمیشن آفیسر شوکت علی ملک، ایس ڈی او عمارات ہیڈکوارٹر کوٹلی توصیف امیر، ایس ڈی او پی ایچ ای کوٹلی شہزاد اقبال سمیت محکمہ جات کے دیگر متعلقہ افسران ،صدر ن لیگ سٹی راجہ گلفراز خان ،لیگی رہنما عارف ناز ،پی آر او ملک عبدالقیوم نے بھی شرکت کی۔




