عیدالفطر: سعودی عرب میں اتوار یا پیر؟ ماہرین کی نئی پیشگوئی

ریاض: سعودی عرب میں عیدالفطر کی تاریخ کے حوالے سے ماہرین فلکیات کی تازہ پیشگوئی سامنے آئی ہے جس میں عید کے ممکنہ دن کے بارے میں نیا انکشاف کیا گیا ہے۔

رمضان المبارک اپنے آخری ایام میں داخل ہو چکا ہے اور مسلمان عبادات کے ساتھ ساتھ عید کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔ تاہم، سب سے زیادہ تجسس اس بات پر ہے کہ شوال کا چاند کب نظر آئے گا اور عیدالفطر کس روز منائی جائے گی؟

پہلے کی گئی پیشگوئیوں میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب میں 29 رمضان المبارک کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں جس کے باعث رمضان کے 30 روزے مکمل ہونے اور عیدالفطر پیر 31 مارچ کو ہونے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

تاہم تازہ ترین فلکیاتی جائزوں کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 29 رمضان المبارک، ہفتہ کے روز شوال کا چاند نظر آنے کا امکان موجود ہے جس کے نتیجے میں سعودی عرب میں  عیدالفطر اتوار 30 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش ہفتے کے روز دن 2 بجے ہوگی اور سورج غروب ہونے کے بعد یہ تقریباً 8 منٹ تک آسمان پر موجود رہے گا جس سے اس کے دیکھے جانے کے امکانات روشن ہو جاتے ہیں۔ رویت ہلال کمیٹی چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کرے گی جبکہ فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق سورج شام 6 بجکر 12 منٹ پر غروب ہوگا اور چاند 6 بجکر 20 منٹ پر افق سے غائب ہو جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان میں ماہرین فلکیات محکمہ موسمیات اور سپارکو کی رپورٹس کے مطابق شوال کا چاند اتوار 30 مارچ کو نظر آنے کی توقع ہے جس کے نتیجے میں ملک میں عیدالفطر پیر 31 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔

بین الاقوامی فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار کئی اسلامی ممالک، بشمول پاکستان اور سعودی عرب میں عید ایک ہی دن ہونے کے امکانات ہیں تاہم حتمی اعلان مقامی رویت ہلال کمیٹیاں کریں گی۔

Scroll to Top