صدر آزاد کشمیر کی باغ کی ترقی کے لیے وسائل بروئے کار لانےکی یقین دہانی

باغ :صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ باغ کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ سے آئے ہوئے سٹیزن فورم کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے باغ کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا۔ انہوں نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں باغ کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام اور شہر کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا فیصلہ انہی کے دور میں ہوا۔ اسی طرح انہوں نے باغ کے لیے خصوصی تعلیمی پیکیج کا بھی اعلان کیا۔

صدر ریاست نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے حکومت سے بات کریں گے۔وفد میں خواجہ طاہر رفیق، سید فاروق شاہ، شیخ مشتاق، مشتاق کاک زئی، شجاعت ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔

دریں اثنا، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے ایک وفد نے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر بار ایسوسی ایشن آزاد حیدر کر رہے تھے۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے وکلا برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے قیام میں وکلا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وکلا عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وکلا برادری نہ صرف قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور انسانی حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے بلکہ وہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کر سکتی ہے۔

وفد میں سیکرٹری جنرل ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شجاعت ایڈووکیٹ، نائب صدر چوہدری حق نواز ایڈووکیٹ، بشارت بادشاہ ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا شامل تھے۔

Scroll to Top