مظفرآباد: مظفرآباد کے نیلم پارک میں ریڑھی اور تھڑے بانو کیلئے بنایا جانے والے سستے رمضان بازار کے حوالے سے افواہیں دم توڑ گئیں ۔
مئیر بلدیہ سید سکندر گیلانی اور ٹھیکیدار راجہ شوکت نے رمضان کے بعد بازار ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآبا د کے نیلم پارک میں سستا بازار قائم کئے جانے کے بعد سخت عوامی ردعمل آیا جس پر انتظامیہ نے بازارآخری رمضان کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود لوگوں کو خدشہ تھا کہ سستا بازار ختم نہیں کیا جائیگا ، گزشتہ روز میئر سید سکندر گیلانی اور ٹھیکیدار راجا شوکت نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بازارختم کرنے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پورے شہر سے قبضے ختم ہونے تک نیلم پارک خالی نہیں کرینگے، سستارمضان بازار لگانے والے ٹھیکیداروں کا اعلان
راجہ شوکت کا کہنا تھا کہ میئر صاحب اور انتظامیہ سے بات کرنے اوراجازت کے بعد ہی ہم نے لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے سستا بازار لگایاتھا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کہے تو میں کل ہی سامان اٹھا لوں گامگر ہمیں بلدیہ جگہ فراہم کرے جہاں ہم لوگوں کو اچھی اور معیاری سبزی ودیگر اشیاء فراہم کرسکیں۔
راجہ شوکت کا کہنا تھا کہ منڈی میں مافیا بیٹھا ہوا ہے، ہم نے سبزی فروٹ کم قیمت پر بیچےجو مافیا کو ہضم نہیں ہوا، مظفر آباد میں سستے بازار کی اشد ضرورت ہے جس میں تمام اشیائے ضروریہ موجودہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف سیاسی چال چلی گئی ، جہاں بھی انتظامیہ کہے تو ہم بازار لگانے کیلئے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مظفر آباد، نیلم پارک میں قائم سستے بازار کا تنازع ختم،ٹھیکیدار بازار اکھاڑنے پر مشروط راضی
میئر مظفر آبادسید سکندر گیلانی نے کہا کہ ہم نے راجہ شوکت کو کہا تھا کہ سستا بازار قائم کریں، ہر جگہ سرکاری زمینوں پر بازار لگتے ہیں، یہ پورا سال لگتے ہیں۔
یہ بازار 30 رمضان تک تھا۔ہم ایوان کے اجلاس میں معاملہ رکھیں گے اور نیا بازار قائم کرنیکا فیصلہ کرینگے،ہم لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی کی جگہ اور گڑھی پن میں بھی جگہ ہے، یہاں تھرڈ کلاس سامان فروخت کیا جاتا ہے،اسلام آبادراولپنڈی میں بکنے والا سبزی فروٹ یہاں میسر نہیں ہوتا۔