وفاقی حکومت کا پختونخوا کے 12اضلاع میں فوری فنڈز فراہمی کا فیصلہ

پشاور: وفاقی حکومت کی طرف سے  خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن اور تیز رفتارترقی کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیر کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے ارکان کا اہم اجلاس پشاور میں ہوا جس میں کور کمانڈر پشاور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے ممبران اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:یہ 13سالہ نااہلی کا قصورہے ،مریم نواز کا خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر ردعمل

اجلاس میں خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و ترقی کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ان اضلاع میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ضم شدہ اضلاع سمیت بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پائیدار امن اور تیز رفتار ترقی کے لیے ترقیاتی فنڈز کی فوری فراہمی، بروقت اجراء اور شفاف استعمال یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے 12 اضلاع میں عوامی محرومیوں کا ازالہ، ترقیاتی عمل تیز اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں 12 اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی بر وقت تکمیل پر زور دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں کابل یا قندھار نہیں اسلام آباد کی پالیسی چلے گی، گورنر فیصل کنڈی

شرکاء نے مقامی عمائدین اور کونسل کے نمائندوں کی تجاویز کی روشنی میں ترقیاتی منصوبہ بندی اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔