آزاد کشمیر میں 21 تا 25 اپریل انسداد پولیو مہم، تمام اضلاع میں انتظامات مکمل

میرپور، بھمبر، جہلم ویلی ( آزاد کشمیر )میں 21 سے 25 اپریل 2025ء تک انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی جس کے لیے تمام اضلاع میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مہم کے دوران پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ اس حوالے سے میرپور، بھمبر اور جہلم ویلی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوئےجن میں مہم کی کامیابی کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔

میرپور میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ عمر طارق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (DPEC) کا اجلاس ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر مائدہ کوثر، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فاریہ جاوید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرویلنس محمد ریاض اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر میں 76 ہزار6سو56بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کے لیے 439 موبائل ٹیمیں، 41 فکسڈ سائیٹس اور 14 ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ نگرانی کے لیے 37 یونین کونسل سپروائزر اور 103 ایریا انچارجز مقرر کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ عمر طارق نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس کی روک تھام کے لیے تمام اداروں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور والدین کو آگاہ کریں۔

بھمبر میں ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد محمود جرال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، پولیس، ٹریفک پولیس، عسکری حکام، تعلیم، اطلاعات، لوکل گورنمنٹ اور تحصیل مفتی آفس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد محمود نے کہا کہ الحمدللہ آزاد کشمیر پولیو فری ہے اور اس سٹیٹس کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

اجلاس میں ڈی ایس پی محمد نصیر خان، ڈی ڈی ایل جی راجہ وحید الرحمان، عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر عبدالمنان، اے ڈی وقاص نصر، ڈی آئی او عدنان مختار، تحصیل مفتی عابد حسین غزالی، اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔

ضلع جہلم ویلی میں بھی ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں 21 سے 25 اپریل تک انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پانچ سال سے کم عمر 43 ہزار 1 سو 46 بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں 35 ہزار 4 سو 46بچے گھروں میں اور 4 ہزار 3 سو 23 بچے چھ ماہ سے کم عمر کے شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے 292 موبائل ٹیمیں، 17 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 42 فکسڈ مراکز تشکیل دیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو قطرے پلانے میں کوئی غفلت نہ برتیں۔

ڈی ایس پی عبد الخالق نے اجلاس میں کہا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ ڈی ایچ او آفس میں ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جو صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک فعال رہے گا۔

فوکل پرسن عبد الجبار نے بتایا کہ پولیو وائرس زیادہ تر بچوں پر حملہ آور ہوتا ہے، جس کی وجہ سے فالج اور دیگر معذوری کا خطرہ رہتا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک بیماری سے بچانے کے لیے پولیو ویکسین ضرور پلائیں۔

تمام ضلعی حکام نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ویکسین کے قطرے پلانے والی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پولیس، صحت، تعلیم، اطلاعات، مقامی حکومت اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کو ہمیشہ کے لیے پولیو فری رکھنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

Scroll to Top