مظفر آباد؛فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے جہلم ویلی میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیاء خوردونوش ،مشروبات ،فروزن فوڈ ، آئل ،گھی اورغیر رجسٹرڈ ،پاپڑز کی بڑی تعداد ضبط کر لی ،متعدد کو جرمانے بھی کئے گئے۔
سپریم کورٹ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر کی نگرانی میں ٹیم فوڈ اتھارٹی نے جہلم ویلی میں ناکہ بندی کے دوران غیر رجسٹرڈ اشیاء کی بھاری مقدار ضبط کر لی ۔
متعدد کو جرمانے کئے گئے اورکئی بزنس فوڈ آپریٹرز کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کئے۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبارٹری بھمبر پہنچ گئی،ملاوٹ مافیا کا گھیراتنگ
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت غیر رجسٹرڈ اشیاء خوردونوش و نوش کا کاروبار کرنا قانونا جرم ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے تاجر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔
ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا ۔اتھارٹی سے پاس ہونے والی اشیاء کے علاوہ کوئی اشیاء فروخت نہیں کی جاسکتی ۔
انہوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن جاری ہے ناکہ بندی کر کے ایسی اشیاء کو ہرممکن روکا جائے گا ۔وئیر ہاؤسز کی چھان بین کی جارہی ہے کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہیں یا نہیں انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والے معافی کے قابل نہیں ۔