مظفرآباد(مدیحہ عباسی، کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت آزادکشمیر میں عید الفطر کے دوران انتظامات کو مؤثر بنانے اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینےکیلئے اعلیٰ سطح اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔
اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، انسپکٹر جنرل آزاد کشمیر پولیس رانا عبدالجبار، سپیشل سیکرٹری داخلہ آزادکشمیر راجہ طاہر ممتاز خان، ڈی آئی جی پولیس یاسین قریشی، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق نے شرکت کی جبکہ پونچھ اور میرپور ڈویژنز کے کمشنرز اور ڈی آئی جی صاحبان نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔
اجلاس میں عیدالفطر کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر بنانےکیلئے حکمت عملی کا تعین کیا گیا۔ اجلاس میں چین آف کمانڈ مقرر کرتے ہوئے جملہ متعلقہ محکموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ اس کے ساتھ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں متعلقہ محکموں کو ٹیم ورک کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں عوامی اجتماعات کی جگہوں کی سکیورٹی ، مساجد کی سکیورٹی ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ سمیت شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانےاور عید کے دوران گراں فروشی کو روکنے ، سیاحوں او شہریوں کی ہر ممکن سہولیات کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں طے پایا کہ امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ۔ اس بارے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں ، آزاد کشمیر میں عیدالفطر کے دوران گراں فروشی اور ریسٹ ہاؤسیز کے کرایوں میں اضافہ کرکے ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کے تحت سخت کاروائی کی جائے
وزیراعظم چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ امن ترجیح ہے دہشتگردی کی روک تھام کے متعلقہ ادارے متحرک رہیں، سیاحوں کی سکیورٹی اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کوتاہی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ادارے امن کو قائم رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عید کے دوران اشیائے خورونوش کے ریٹس بڑھانے والوں ، گیسٹ ہاؤسیز کے کرایوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت اقدام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں اور انتظامیہ پر واضح کررہا ہوں کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، عوام کی فلاح ترجیح ہے ، پولیس اور انتظامیہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔